بھٹکل 19/ اکتوبر (ایس او نیوز) بھٹکل ٹاون میونسپالٹی کی 27 خالی دکانوں کی نیلامی کی کارروائی اسسٹنٹ کمشنر ممتا دیوی کی موجودگی اور صدر بلدیہ پرویز قاسمجی کی صدارت میں انجام دی گئی ۔ چونکہ گزشتہ بار نیلامی اور اس کے بعد کی کارروائی کے پس منظر میں تنازعہ اور پرتشدد ہنگامہ ہوا تھا اس لئے اس مرتبہ پولیس کی سخت چوکسی کے ساتھ یہ کام پرامن طریقے سے انجام دیا گیا ۔
اس مرتبہ نیلامی کے پہلے مرحلہ میں 27 دکانوں کے لئے بولیاں لگنی تھیں ۔ مگر معلوم ہوا ہے کہ 16 دکانوں کے لئے کسی نے بھی ڈی ڈی جمع کرکے نیلامی میں حصہ لینے میں دلچسپی نہیں دکھائی تھی ۔ لہِٰذا کل کی کارروائی میں صرف 9 دکانوں کی باضابطہ نیلامی ہوئی جبکہ 2 دکانوں کے لئے صرف ایک ہی امیدوار ہونے کی وجہ سے ان دو دکانوں کی نیلامی کو موخر کیا گیا ۔ پتہ چلا ہے کہ 11 دکانوں کے لئے جملہ 67 افراد نے ڈی ڈی جمع کرتے ہوئے نیلامی میں حصہ لیا ۔
.jpeg)
نیلامی کی کارروائی کے آغاز میں ہی سابق کاونسلر وینکٹیش نے سوال اٹھایا کہ ٹی ایم سی کی ایک پرانی خستہ عمارت میں موجود دکانوں کو بھی نیلامی میں رکھا گیا ہے اور 12 سال کے لئے کرایہ پر اٹھایا جارہا ہے ۔ اگر نیلامی کے تھوڑے ہی عرصہ میں یہ عمارت گرنے لگتی ہے تو ایسے میں اپنی روزی روٹی کے لئے بھاری ڈپازٹ اور کرایہ دے کر دکان چلانے والے غریب شخص کا کیا ہوگا ۔ کیا میونسپالٹی کے پاس اس کے لئے راحت پہنچانے کا کوئی بندوبست ہے؟
اس پر جواب دیتے ہوئے صدر بلدیہ پرویز قاسمجی نے بتایا کہ نیلامی اور ٹینڈر کے شرائط سب کو پڑھ کر سنائے گئے ہیں ۔ اس موڑ پر آئندہ پیش آنے والے معاملہ کے بارے میں کوئی بات نہیں کہہ سکتے ۔ بالفرض ایسی کوئی صورت حال پیدا ہوتی ہے تو پھر اس موقع پر کرایہ دار کو راحت دلانے کے لئے مناسب اقدام کیا جائے گا۔
دکانوں کی نیلامی کا سلسلہ شروع ہوا تو چھوٹی چھوٹی دکانوں کے لئے بھی سرکاری طور پر متوقع کرایہ سے دوگنا اور چوگنا اضافہ کےساتھ بھاری کرایہ کی بولیاں لگیں ۔ مثلاً سرکاری سوال کے طور پر جس دکان کا ماہانہ کرایہ 2103 روپے رکھا گیا تھا وہ دکان 14 ہزار روپے ، 2838 روپے سرکاری سوال والی دکان 21 ہزار روپے، 931 روپے سرکاری سوال والی دکان 10500 روپے ماہانہ کرایہ کی بولیاں لگائی گئیں ۔
اب 25 اکتوبر کو دوسرے مرحلہ کی نیلامی ان 27 دکانوں کی ہونی ہے جس میں پہلے سے کرایہ دار موجود ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان دکان داروں نے کووڈ سے ہونےوالے نقصانات ، تجارتی خستہ حالی اور اپنی مالی دشواریوں کا حوالہ دیتے ہوئے ضلع انچارج وزیر، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر اور ٹی ایم سی صدر پرویز قاسمجی سے تحریری درخواست کی ہے کہ ان دکانوں کو نیلام نہ کرتے ہوئے مناسب اضافی کرایہ کے ساتھ ہی پرانے کرایہ داروں کو دی جائیں تاکہ وہ زندگی گزارنے کے سہارے سے محروم نہ ہوں ۔